ایودھیا، 5؍اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) ایودھیا میں رام نوامی کے موقع پر ایک بڑا حادثہ ہو گیا، جس میں مبینہ طور پر بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون عقیدتمند کی موت ہو گئی، جبکہ بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ انتظامیہ کا دعوی ہے کہ خاتون کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ رام نوامی کے موقع پر ایودھیا میں بڑی تعداد میں زائزرین پہنچے تھے۔ بدھ کو یہاں کنک بھون مندر میں عقیدتمندوں کی بھیڑلگ گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران یہاں افراتفری جیسا ماحول پیدا ہو گیا۔ جس میں ایک خاتون گر گئی اور اس کی موت ہوگئی، بھگدڑ میں زائرین کے جوتے۔موزے اور لوازمات بکھر گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ زائرین یہاں سے رام للا کی پوجا کے لئے جا رہے تھے، اگرچہ انتظامیہ واقعہ کو بھگدڑ کا واقعہ ماننے سے انکار کر رہی ہے۔ فیض آباد کے ایس ایس پی اننت دیو نے بتایا ہے کہ کنک بھون مندر میں کافی بھیڑ تھی۔ اسی دوران وہاں ایک خاتون عقیدتمند کا دم گھٹنے لگا، جس کے بعد اس کی موت ہوگئی، اگرچہ عینی شاہدین کے مطابق مندر میں بھیڑ بہت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے وہاں بھگدڑ جیسے حالات پیدا ہو گئے، لوگ بھاگنے لگے اور گرنے لگے۔ ایک خاتون خود کو سنبھال نہیں پائی اور نیچے گر گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بھیڑ کے نیچے دبنے کی وجہ سے خاتون کی موت ہوئی ہے۔